دامانِ خیال جنرل راحیل شریف کو سیلوٹ تحریر :۔ محمد رحیم عزیزؔ
میں تواتر سے اپنی ایمان پر یقین کی حد تک یہ لکھتا آیا ہوں کہ پاکستان ایک خدائی منصوبہ ہے ۔طاغوت کی مغلوبیت ، اور اسلام کی نشاط ثانیہ کے لےئے ۔ برِ صغیر ہندو پاک میں کفر اور اسلام کے مابین بپا ہونے والی اس جنگ کو کہ جسے نبی آخر الزمان ﷺ کی بنفسِ نفیس شمولیت کی خواہش پر ،غزوہء ہند نکا نام دیا گیا ہے اس حوالے سے میرا قیافہ مجھے یہ لکھنے پر مجبور کرتا رہا ہے کہ اس کا وقت قریب آ لگا ہے ۔خوشا ! کہ اس آویزش میں سرفرازی کا تاج کار سازِ قضا و قدر نے اسی مملکت خدا داد کے سر سجانے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کی نوید خود آنحضرت ﷺ دے چکے ہیں ۔ میرا استدلال ہے کہ پاکستان کے وجود پانے سے لے کر اس کے دولخت کےئے جانے تک ، رب کی مشیّت کار فرما رہی ہے ۔پھر باوجود ڈانواں ڈول معیشت کے اس ملک کا ایٹمی قوت بن جانا آنکھ کھول دینے کے لےئے کافی ہے ۔
9\11کے بعد بالعموم اور سانحہء لال مسجد کے بعدبالخصوص داخلی کشمکش کی بھٹی میں اس ملک کی عسکری قوت جس طرح کندن بن کر نکلی ہے اس پر نظر ڈالی جائے تو مستقبلِ قریب میں اس خطے میں رونما ہونے والے واقعات کا نقشہ واضح ہوتا نظر آتا ہے ۔ہاں البتہ نظر ، چشمِ سر کی نہیں بصیرت کی چاہےئے ۔مرحوم جنرل ضیائالحق پر افیون اور کلاشنکوف کلچر کے فروغ دینے کی پھبتیاں کسنے والے طنبوروں کو کیا خبر کہ وہ خدا کا ولی غزوہ ء ہند کا پودا اپنی حیات میں لگا گئے ہیں ۔اور آج ایک اور خدا کے ولی جنرل راحیل شریف کے ہاتھوں سیراب ہو کر وہ ایک ایسا تناور درخت بن چکا ہے کہ جس کے چھاؤں میں پوری امت مسلمہ آسودگی پا رہی ہے ۔مرورِ زمانہ کے قدرتی قانون کے تحت جنرل راحیل شریف بھی ماضی کی داستان بننے کے قریب ہیں مگر جو عزت انہوں نے ان تین سالوں میں اپنے بے داغ اور جرائت مندانہ طرز عمل سے کمائی ہے وہ اسے شہرت کے آسمان پر مثل آفتاب برسوں چمکائے رکھے گی ۔کیا سوشل میڈیا تو کیا الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا ہر ایک اپنے اپنے انداز میں ان کے شاندار کارناموں کے حوالے سے ان کی خدمت میں ہدیہء تبریک پیش کر رہے ۔میں دامانِ خیال کے اپنے قارئین کے لےئے ان کے سنہرے کارناموں کی ایک تلخیص ان کی خدمت میں ایک سیلوٹ کی صورت پیش کرنے جا رہا ہوں تاکہ انہیں آگہی رہے کہ کیوں ملک کی آبادی کے ایک بڑے طبقے کی طرف سے ان کی مدت ملازمت بڑھانے کے مطالبے ہو رہے اور کیوں انہیں فیلڈ مارشل بنانے کی باتیں ہو رہیں ۔یہ شخص کہ جس کے خانوادے کے ماتھے پر دو نشان ہائے حیدر کے جھومر چمک رہے تو وہ اگر لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بنے ہوئے ہیں تو کسی کو تعجب نہیں ہونا چاہےئے ۔وہ اس کا حق رکھتے ہیں اور اس پر طرہ یہ کہ انہوں نے اپنے عمل سے اس حق کو ثابت بھی تو کیا ہے ۔
دنیا جانتی ہے کہ حال ہی میں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی طرف سے ملنے والی دھمکی کے جواب میں جو ردِ عمل انہوں نے دیا ،اس نے جنرل ضیا الحق مرحوم کی یاد تازہ کر دی۔یہ کہ 1980کی دہائی کے وسط میں انڈیا پھر اس طرح کی دھمکیوں پر اتر آیا تھا تو کرکٹ ڈپلومیسی کے بہانے بھارت جا کرمرحوم جنرل نے راجیو گاندھی کے کان میں وہ صور پھونکا تھا کہ ان کے پسینے چھوٹ گئے تھے ۔ جنرل راحیل شریف کے اسی تیز رفتار ردِ عمل کے نتیجے میں انڈیا کو پاک فوج کی زبر دست حربی استعدادکار کا اندازہ ہوا ۔ دنیا مانتی ہے کہ پاکستان کا یہ مایہ ناز سپہ سالار اپنے سے تین گنا بڑی فوج اور بجٹ کے لہٰذ سے 9گنا بڑی آرمی رکھنے والے دشمن کو نفسیاتی شکست سے دوچار کر چکے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ جنرل راحیل شریف اس وقت انڈین میڈیا کے اعصاب پر چھایا ہوا ہے ۔تین سال کے قلیل عرصے میں موصوف پاکستان کے لےئے اتنا کچھ کر چکا ہے کہ اس کی نسلیں برسوں اس سے فیضیاب ہوتی رہے نگی ۔
بعض با خبر لوگ بتاتے ہیں کہ راحیل شریف نے چیف آف آرمی سٹاف بننے سے پہلے ہی پاک فوج کی جنگی ڈاکٹرائین میں دو بنیادی تبدیلیاں کی تھیں ۔۔پاکستان کے خلاف انڈین جنگی حکمت عملی ’’ کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائین ‘‘ کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے ’’ عزمِ نو‘‘مشقوں کا آغاز اسی نے کروایا تھا ۔اسی کے دور میں کولڈ سٹار ڈاکٹرائین کے مقابلے کے لےئے چھوٹے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری بھی مکمل کی گئی ۔جس کے بعد انڈین کولڈ سٹار ڈاکٹرائین پر انڈیا کی عربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور 30سال کی محنت ضائع ہو چکی ہے ۔
جنرل راحیل شریف ہی اپریشن ضرب عضب کے ماسٹر مائنڈ ہیں ۔کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم تک کو آپریشن شروع ہونے کے ایک دن بعد آگاہ کیا گیا تھا ۔ اس آپریشن کے نتیجے میں پاک فوج نے عالمِ اسلام کے خلاف دہشت گردی کے ذریعے جاری امریکن اور اسرائیلی پراکسی جنگ کو پاکستان میں ناکام بنا دیا ہے ۔راحیل شریف کے حکم پر پاکستان نے پہلی بار افغانستان اور انڈیا کی پناہ میں موجود دہشت گردوں کا افغانستان تک پیچھا کیا اور پاکستانی ہیلی کاپٹرز نے کنڑ میں دہشت گردوں کے مراکز پر کامیاب حملے کےئے ۔پشاور حملے کے بعد راحیل شریف نے بطور چیف آف آرمی سٹاف افغانستان کا ایک طوفانی دورہ کیا جس میں مبینہ طور پر افغان حکومت کو اسلام دشمنوں کی پشت پناہی کرنے کے حوالے سے موثر وارننگ دی اور نتائیج سے خبردار کیا ۔انہوں نے ہی پاک افغان بارڈرکا قیام اور افغان مہاجرین کی واپسی کا ناممکن کام شروع کیا ۔جمہوری لیڈروں کے تمام تر تحفظات کے باوجود راحیل شریف ایک ایسا کام کر کے جا رہا ہے جس کے بعد پچھلے کئی سالوں سے افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دراندازیوں کا سلسلہ رک جائے گا ۔سیاست دانوں کے تمام تر تحفظات کے باوجود سزائے موت کی بحالی اور آرمی کورٹس کے قیام پر مجبور کیا ،گذشتہ سال اسلام آباد میں دھرنوں کی صورت ہونے والی لڑائی میں مداخلت کر کے ہر دو فریق کو ٹھنڈا ہونے پر مجبور کیا ۔پچھلے سال پیٹرول کے بحران کو کنٹرول کرنے میں بھی ان کے رول کا تذکرہ کیا جاتا ہے ۔بھارت جو امریکہ کے کان میں کھسر پھسر کر کے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز باور کرانے کی اپنی سی کوششوں میں لگا تھا مگر امریکی وزیر خارجہ کے دورے پاکستان کے دوران پاک فوج کی طرف سے ایسے مصدقہ شواہد پیش کےئے گئے کہ جس میں خود بھارت کا دہشت گردی کو پھیلانے میں ہاتھ صاف نظر آ رہا تھا ۔جان کیری کے جی ایچ کیو کے دورے کے بعد انڈیا میں سخت بے چینی پائی گئی اور انہیں حیرت ہوئی کہ انڈیا کے لمبے دورے کے بعد جان کیری اپنے وعدے کے مطابق پاکستان کو کوئی سخت پیغام دینے کی بجائے پاکستان کے موقف کی تائید کرنے پر مجبور ہوئے تھے ۔راحیل شریف نے قطر کے شیخ سے اہم ملاقات کی جس کے بعدقطر نے کچھ ایسے فیصلے کےئے جو انڈیا ہضم نہ کر سکا ۔
راحیل شریف ہی نے بلوچستان میں انڈیا کی چالیس سالہ محنت پر پانی پھیر دیا ہے وہاں نہ صرف دہشت گردی ختم ہو کر رہ گئی ہے بلکہ آج بلوچستان پاکستان زندہ باد اور انڈیا مردہ باد کے نعروں سے گونج رہا ہے ۔انہی کے دور میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سب سے زیادہ ایجنٹ گرفتار ہوئے جن میں کلبھوش یادیو سرِ فہرست ہیں ۔کراچی میں آج ایم کیو ایم جس افراتفری کا شکار ہے اس میں بھی دیکھنے والے ہمارے اس فوجی دماغ کو بڑی دور تک دیکھتے ہیں ۔جہاں ایم کیو ایم کی دہشت گردی اور دہشت دونوں کو ختم کر دیا گیا ہے ۔پیپلز پارٹی کی کرپشن پر بھی انہی کے اس دور میں آہنی ہاتھ ڈالا گیا جس باعث ان کے کو چیر پرسن سمیت کئی لیڈر ملک سے بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں اور بعض گرفتار ہو چکے ہیں۔اور باقی جمہوریت کی پناہ میں جنرل راحیل شریف کے جانے کے دن گن رہے ۔
یہ راحیل شریف کے چین کے دورے اور ضرب عضب ہی کے نتائیج ہیں کہ چین پاکستان میں وہ سرمایہ کاری لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جو مشرف دور میں طے ہوا تھا ۔اکنامک کوریڈور اور اس کے لےئے 40بیلین ڈالر کی منظوریپاکستان کو زبردست معاشی استحکام فراہم کر سکتی ہے ۔سیاست دانوں کے تمام تر شکوک شبہات کے باوجود جنرل راحیل شریف اس منصوبے کو ہر قیمت پر پورا کرنے پر تلا ہوا ہے ۔انہی کی وساطت سے ایران کو بھی اس منصوبے میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسا اگر ہوا تو انڈیا کی ایران کی بندر گاہ چابہار میں ساری سرمایہ کاری رائگاں جائے گی ۔
چین سے 4جدید ترین اواکس طیاروں کا معاہدہ بھی انہی کے مرہونِ منت ہے ۔جن کی مدد سے دشمن ملک کے اندر ہزاروں میل تک نگرانی کی جا سکے گی ۔راحیل شریف ہی کی قیادت میں پاک فوج نے سمندری حدود میں 50ہزار مربع کلو میٹر کا اضافہ کیا ہے ۔یہ بات بھی نوٹ کرنے کے لائق ہے کہ انہی کے دور میں خالصتان تحریک نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ۔ جس کا بیج جنرل ضیاء ا لحق اپنی حیات میں بو کر اسے تناور درخت میں بدل چکے تھے ۔ان کی ناگہانی شہادت کے بعد آنے والی سیاسی حکومت نے بھارت کے ساتھ اپنے معاشقے کے صدقے اس شجر کو خزاں زدہ کر دیا تھا۔ اور کشمیر کی تحریک بھی مرحوم جنرل کے دور کی طرح پھر سے روز بروز قوت پکڑتی جا رہی ۔یوں لوگ جنرل ضیا الحق مرحوم کے دور کو دوبارہ آتا محسوس کرنے لگے ہیں ۔یہ بھی اس آسمان نے پہلی بار دیکھا کہ روس کی فوجیں مشترکہ مشقوں کے لےئے پاکستان آنے پر آمادہ ہوئیں اور بھارت دیکھتا رہ گیا ۔اب تو پاکستان کو شنگھائی کواپریشن آرگینائزیشن میں بھی شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان پر حملہ روس پر حملہ متصور ہو گا ۔آخری بات یہ کہ دو نشان حیدر کی ملکیت کے ساتھ یہ وہ سپہ سالار ہے کہ جسے چلتا دیکھ کر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے کہ یہ ہمارا سپہ سالار ہے ۔ نہایت مستعد ، سخت محنتی سخت محب وتن ،انتہائی فرض شناس ،نہایت جنگجو اور ایک سچا اور کھرا سپاہی ۔اقبال کے اس شعر کی عملی تفسیر ۔۔۔’’ نگاہ بلند سخن دلنواز جاں پر سوز * یہی ہے رخت سفر میرِ کارواں کے لےئے ۔ پس آےئے ایک نعرہ مل کے لگائیں ۔اسلام زندہ باد ۔پاکستان پائندہ باد ۔پاک فوج زندہ باد ۔جنرل راحیل شریف زندہ باد ۔
1 Comments
eToro صفقات التداول المفتوحة في 227,585,248
ReplyDeleteحكمة الجموع المتداولون الذين يستخدمون CopyTrader™ من eToro يزيد احتمال أن يحققوا أرباحًا بنسبة 60%